پورے چاند کا اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ سے کیا تعلق ہے؟

صحت کے ماہرین پورے چاند کے بارے میں انتہائی دلچسپ خیالات رکھتے ہیں۔

کئی لوگوں کے لیے یہ ماننا مشکل ہو سکتا ہے، لیکن صحت کے ماہرین کا ماننا ہے کہ جب بھی پورا چاند آسمان پر ظاہر ہوتا ہے، اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں اچانک اضافہ ہو جاتا ہے۔

فلاڈیلفیا کالج آف آسٹیوپیتھک میڈیسن کے ڈاکٹر جان بیچر نے امریکی میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ‘جیسے ہی پورا چاند نمودار ہوتا ہے، ہر کسی کی زبان پر یہی موضوع ہوتا ہے’۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ‘میں نے خود بھی کئی مرتبہ شام سات بجے اسپتال کے عملے کو یہ کہتے سنا ہے کہ اب سب کو تیار رہنا چاہیے کیونکہ پورا چاند نظر آ چکا ہے اور ایمرجنسی وارڈ میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے والا ہے’۔

ڈاکٹر بیچر کے مطابق، انہوں نے پورے چاند کی راتوں میں دائمی، جذباتی، اور نفسیاتی مسائل کے مریضوں میں اضافہ دیکھا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صحت کے ماہرین کے ان خیالات کی بنیاد پر کی گئی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ چاند کی حرکات کا 40 فیصد ہیلتھ ورکرز کے رویے پر اثر پڑتا ہے۔

ٹینیسی یونیورسٹی، ناکس وِل کے سابق چیئرمین ایمرجنسی میڈیسن، ڈاکٹر فریڈرک کِپ وینگر نے بھی پورے چاند سے متعلق اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے ایک دوست کے ساتھ پیش آنے والے غیر معمولی واقعے کا ذکر کیا۔

ڈاکٹر وینگر کا کہنا تھا کہ ‘میں نے پورے چاند کے دوران کئی غیر معمولی واقعات دیکھے ہیں لیکن پھر بھی اس طرح کے خیالات پر یقین نہیں رکھتا’۔

رپورٹ میں AIMS پبلک ہیلتھ کی ایک تحقیق کا حوالہ دیا گیا جس کے نتائج نے پورے چاند سے متعلق غیر معمولی واقعات کے تجربات کی بنیاد پر ڈاکٹرز کے خیالات کو نظرانداز نہیں کیا۔