"سیرت النبی ﷺ" از:رائے منظور ناصر پڑھیئے اور پچاس(50) لاکھ روپے کے انعامات حاصل کیجئے۔
حضور پیغمبر آخرالزماں محمد ﷺ کی زندگی، ہمارے لیے اسوۂ حسنہ ہے۔ آپﷺ کی حیات طیبہ، قرآن کریم کی تعلیمات کا عملی نمونہ ہے، جیسے آپﷺ خود چلتا پھرتا قرآن تھے۔ آپﷺ کی اطاعت کے ذریعے ہی ہمیں ہدایت حاصل ہو سکتی ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ آپﷺ کی حیات مبارکہ کا مطالعہ کیا جائے اور اپنے عمل و کردار کو اس کے مطابق ڈھالا جائے۔ آپﷺ کو خالق کائنات نے انسانیت کے لیے نمونہ کاملہ اور اسوہٴ حسنہ کے طور پر پیش کیا ہے اور آپﷺ کا طریقہ کار، فطری طریقہ قرار دیا گیا ہے۔
حضور صلوات اللہ علیہ وسلام کی روزمرہ زندگی کے معمولات، قیامت تک کے لیے ہمارے لیے معیار و شعار ہیں۔ سیرت النبیﷺ کا ہر پہلو تابناک اور ہر گوشہ روشن ہے۔ آپﷺ کی ہر ادا کو آپﷺ کے متوالوں نے محفوظ رکھا ہے اور تحقیقی سند کے ساتھ ہم تک پہنچایا ہے۔ لہٰذا سیرت النبیﷺ کی جامعیت و اکملیت ہر قسم کے شک و شبہ سے محفوظ ہے۔
کسی بھی عظیم المرتبت شخصیت کے حالات زندگی، معمولات، انداز و اطوار، مزاج و رجحان اور حرکات و سکنات کا تذکرہ اتنے کامل و مدلل طریقہ پر دستیاب نہیں ہے، جیسے کہ سیرت النبیﷺ میں ہے۔ اس دنیائے فانی میں ایک پسندیدہ اور کامل زندگی گزارنے کے لئے، اللہ تعالیٰ نے اسلام کو نظامِ حیات اور رسول اللہﷺ کو نمونہٴ حیات بنایا ہے۔
“سیرت النبیﷺ”، جسے رائے منظور ناصر نے تحریر کیا، ایک نئی کتاب ہے جو حضور ﷺ کی سیرت و کردار اور اسلام کی بنیادی تعلیمات سے نئی نسل اور عام مسلمانوں کو روشناس کراتی ہے۔ اس کتاب کے مصنف نے پڑھنے والوں کے لیے مفت فراہمی کے علاوہ 50 لاکھ روپے کے انعامات کا بھی اعلان کیا ہے، اور اس کتاب میں کسی خاص مسلک کے بجائے اسلامی نقطہ نظر کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
491 صفحات پر مشتمل’ سیرت النبیﷺ ‘ کے عنوان سے یہ کتاب خاتم النبیین یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور حکومت پنجاب کے اعلیٰ سرکاری عہدیدار رائے منظور ناصر نے تحریر کی ہے۔ اس کتاب میں حضور اکرم ﷺ کی پیدائش سے لیکر آپ کے دنیا سے پردہ فرمانے تک کے تاریخی واقعات انتہائی سادہ انداز میں بیان کیے گئے ہیں۔جناب رائے منظور طاہر کے مطابق اس کتاب میں کسی خاص مسلکی نقطہ نظرکے بجائے اسلامی نقطہ نظر کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
کسی بھی کتاب کے سرورق پر انعام کا اشتہار فی زمانہ ایک غیر معمولی روایت ہے۔لیکن ’لالچ برائے ثواب‘ کا راستہ اختیار کرنے کی جو وجہ مصنف نے بیان کی ہے اس کے مطابق آج کے سماجی بگاڑ کی اہم ترین وجہ حضورﷺ کی سیرت اور اسلام کی بنیادی تعلیمات سے آگاہی نہ ہونا ہے۔جبکہ دوسری جانب جب ان تعلیمات کو مذہب کی بجائے مسلک کے پلیٹ فارم سے پیش کیا جاتا ہے- تو اس پر اسلام کی بنیادی تعلیمات کی بجائے ’اسلامی معلومات‘ کا گمان ہوتا ہے،جس کے باعث نوجوانوں کی اکثریت کیلئے یہ قابل عمل اور قابل تقلید نہیں رہتیں۔ اسی لیے وہ اس کی جانب متوجہ بھی نہیں ہوتے۔ مصنف رائے منظور ناصر کے مطابق حکومت پنجاب کے ایک ووکیشنل تعلیم کے ادارے کے سربراہ کے طور پر حاصل تجربے نے انہیں یہ راستہ اختیار کرنے پر مجبور کیا ۔
اُن کے بقول جب انہوں نے اس ادارے کے سربراہ کے طور پر سیرت النبیﷺ کے موضوع پر 5لاکھ روپے کی انعامی رقم کے ساتھ ایک کوئز مقابلے کا انعقاد کرایا تو اس کے ذریعے پنجاب بھر سے 4 لاکھ کے قریب طلبہ، اساتذہ اور ان کے والدین اس عمل کا حصہ بنے ۔اس لیے معاشرے کو دوبارہ سے حضور کے کردار اور اسلام کی بنیادی لیکن سادہ ترین تعلیمات سے روشناس کرانے کیلئے انہوں نے یہ طریقہ اختیار کیا ہے۔اُن کے بقول اس مقصد کیلئے کسی سے بھی کوئی رقم وصول نہیں کی جاتی بلکہ ذاتی وسائل سے اس مقصد کیلئے خرچ کا مقصد صرف اللہ اور اس کے رسول کی خوشنودی اور معاشرے کی فلاح ہے۔
رائے منظور ناصرسینئر بیوروکریٹ اور صاحب علم آدمی ہیں۔ان کا اصل حوالہ اب ان کی سیرت پر کتاب اور اس حوالے سے ان کا ایک بڑاانعامی پراجیکٹ ہے۔ یہ کتاب (488 )صفحات پر مشتمل ہے، اس کے اشاعتی ادارے یا کتاب منگوانے کے لئے کوئی ایڈریس موجود نہیں، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کتاب کو کمرشل بنیاد پر فروخت نہیں کیا جا رہا۔ ابتدائی صفحات میں البتہ ایک ای میل دی گئی ہے اور ایک واٹس ایپ نمبر۔ ای میل یا فون نمبر پر میسج کر کے کتاب منگوائی جا سکتی ہے ۔
امر واقعہ یہ ہے کہ آج تک سیرت مبارکہ ﷺ پر بے شمار شاندار کتابیں لکھی گئی ہیں، اردو میں اتنا زیادہ اور عمدہ مواد دستیاب ہے کہ نئے لکھاری کے لئے یہ انتخاب کرنا دشوار ہوجاتا ہے کہ سیرت پر کس زاویے سے لکھا جائے۔ رائے منظور ناصر نے سادہ طریقہ اپنایا۔ انہوں نے بہت عام فہم اور سادہ انداز میں یہ کتاب لکھی ہے، جس کا مقصد اس کے سوا کیا ہوسکتا ہے کہ اسکول کے طلبہ سے لے کر پختہ عمر سنجیدہ لوگ بھی یکساں دلچسپی سے پڑھ سکیں۔
یہ کتاب، “سیرت النبیﷺ”، جناب رائے منظور ناصر صاحب کی تحریر کردہ، حضور پاک ﷺ کی زندگی کے اہم واقعات اور تعلیمات کا احاطہ کرتی ہے۔ کتاب میں حضور ﷺ کی پیدائش، ظہور نبوت، مکی اور مدنی زندگی، غزوات، اور وصال مبارک تک کے مراحل کا تذکرہ ہے۔ اس کے علاوہ، آپﷺ کے عزیز و اقارب اور اولاد کے بارے میں معلوماتی مضامین بھی شامل ہیں۔
کتاب میں قرآن پاک اور حدیث مبارکہ کے بارے میں دلچسپ معلومات کے ساتھ حدیث کی اہم کتابوں کی تفصیل بھی دی گئی ہے۔ نماز، روزہ، زکوٰۃ، حج جیسے بنیادی شرعی احکامات کے ساتھ پاکیزگی، غسل، وضو کے مسائل کو بھی بیان کیا گیا ہے۔ کتاب کا انداز سادہ اور آسان ہے، جو قارئین کو شریعت کے تقاضوں کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔
جناب رائے منظور ناصر صاحب نے اس کتاب کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے ایک بڑا انعامی مقابلہ بھی رکھا ہے، جس میں پچاس لاکھ روپے تک کے انعامات ہیں۔ کتاب کے ساتھ ایک داخلہ فارم بھی دیا گیا ہے جسے پُر کرکے بھیجنے سے قارئین مقابلہ میں شامل ہو سکتے ہیں۔
کتاب کی تقسیم کی ذمہ داری جناب جبار مرزا صاحب نے اٹھائی ہے، اور قلم فاؤنڈیشن لاہور کے تعاون سے یہ کاوش مکمل ہوئی ہے۔ اس کتاب کے ذریعے، مصنف کی کوشش ہے کہ نہ صرف اسلام کے احکامات کو سمجھایا جائے بلکہ قارئین کو سیرت النبیﷺ کے منور گوشوں کی تفصیلی معلومات فراہم کی جائیں، تاکہ وہ اپنی زندگی میں بہتری لا سکیں۔
این سعادت کے تناظر میں، کتاب کے قارئین کو علمی اور روحانی فوائد کے ساتھ ساتھ مادی انعامات کا بھی موقع دیا گیا ہے، جو اسے خاصا ممتاز بناتا ہے۔ اللہ کریم مصنف کی اس محنت کو قبول فرمائے اور قارئین کو اس سے بھرپور فائدہ حاصل ہو، آمین۔
سیرت النبیﷺ پر یہ گرانقدر تحفہ ہمیں ہمارے محب جناب جبار مرزا صاحب کے توسط سے موصول ہوا جس کے ہم جنا ب جبار مرزا صاحب اور بالخصوص قلم ٖفاؤنڈیشن لاہور کے جملہ احباب کے دل سے شکر گزار ہیں۔
جزاک اللہ خیرا فی الدارین-
محمداحمد ترازی کراچی