’’ صوفیہ نے ہمیں آؤٹ ہاؤز کے بیرونی دروازوں کے متعلق بتایا تھا۔ ہم نے بھی انہیں دیکھا۔ حقیقتاً وہ باہر کی طرف سے بھی بولٹ کر دیئے گئے تھے اور پھر کوٹھی میں اس پُر اسرار آدمی کی موجودگی۔ آخر وہ کون تھا اور وہاں کیاکر رہا تھا !‘‘
’’کیا دانش بہت تیز دوڑ سکتا ہے؟‘‘حمید نے پوچھا۔’’ اور اتنا پھر تیلا بھی ہے کہ دوڑتے دوڑتے دیواروں چڑھ سکے!‘‘
’’ممکن ہے !‘‘شمشاد کچھ سوچنا ہوا بولا ۔ ’’ دانش کبھی ایک اچھا اسپورٹس مین تھا لیکن شراب نے اُسے بربادکر دیا!‘‘
’’کچھ دیر خاموشی رہی پھر حمید نے پوچھا۔ ’’ اچھا وہ حالات کون سے ہو سکتے ہیں جن کی بنا پر دانش ہی پر شبہ کیاجا سکے!“
شمشاد نے فوراًہی جواب نہیں دیا۔ اس کے انداز سے ہچکچاہٹ ظاہر ہورہی تھی ۔ اس نے کھنکار کر کہا۔
’’ دانش قریب قریب میں ہزار کا قرض دار ہے غالباً جوئے میں ہارا ہوگا۔ اُسے جوئے کی بھی لت ہے!‘‘
’’ سر مخدوم نے قرض ادا کرنے سے انکار کر دیا تھا !‘‘ حمید نے کہا۔
’’جی ہاں …لیکن شاید وہ ادا ہی کر دیتے۔ دانش نے جلد بازی سے کام لیا !‘‘
’’کیا اس سے پہلے بھی وہ اس کا قرض ادا کر چکے تھے !‘‘
کئی بار…!‘‘