پُراسرار وصیت – ابن صفی

کچھ دیر بعد نا صر شاید اسے تلاش ہی کرتا ہوا برآمدے کی طرف آنکلا ۔

’’ سنئے جناب !‘‘ وہ چند لمحے حمید کو گھورتے رہنے کے بعد بولا ۔’’ آپ کو کوئی حق حاصل نہیں ہے کہ آپ میرے ملاقاتیوں کو روک کر ان سے گفتگو کریں !‘‘

’’اتفاق سے وہ معزز آدمی میرا بھی ملاقاتی تھا !‘‘ حمید نے مسکرا کر کہا۔

’’مجھے معلوم ہے کہ آپ لوگ کسی چکر میں ہیں !‘‘

’’یہ اور زیادہ خوشی کی بات ہے!‘‘

’’ہماری سخت بے عزتی ہو رہی ہے !‘‘ نا صر جھنجھلا کر بولا ۔

’’یہ آپ اپنے بھائی صاحب سے کہئے جنہوں نے خواہ مخواہ اپنی دولت نہ صرف ہمارے گلے لگا دی بلکہ ہم پر چند جونکوں کی پرورش کا بھی بار ڈال دیا۔ ویسے ناصر صاحب کیا آپ بتاسکتے ہیں کہ مرحوم نے وصیت نامے میں جونکوں کو کیوں شامل کیا ؟‘‘

” میرے پاس اتنا فالتو وقت نہیں ہے کہ میں ان لغویات میں سرکھپاؤں !‘‘

’’کہیں یہ جو نکیں ایک قسم کا استعارہ تو نہیں ؟‘‘

’’ کیا مطلب !‘‘ ناصر اُسے گھورنے لگا۔

’’کچھ نہیں! اور اس وقت خیالات کچھ شاعرانہ اور ہے ہیں !‘‘

ناصرکچھ سے قہر آلود نظروں سے دیکھتا رہا پھر گرج کر بولا ۔ ’’ میں اب معاملے کو آگے بڑھاؤں گا!‘‘

’’ ضرور بڑھائیے۔ مجھے وہ گندے کیڑے ذرہ برابر بھی پسند نہیں !‘‘

ناصر کچھ کہے بغیر پھر واپس چلا گیا۔ حمید نے بجھا ہوا پائپ سلگایا اور پرپھرذہنی طور پر مکھیاں مارنے لگا۔ ایسے اکتا دینے والے کیس سے پہلے کبھی اس کا سابقہ نہیں پڑا تھا۔

کچھ دیر بعد وہ اٹھنے کا ارادہ کر ہی رہا تھا کہ پورج میں ایک کار آکر ر کی اور اس پر سے ادھیڑ عمر کا ایک مہا جن قسم کا کھدر پوش اتر ااور حمید کو یہ سوچ کر تعظیماّ کھڑا ہو جانا پڑا کہ ممکن ہے کہ وہ کوئی بڑا لیڈر یاپا لیا منٹ کا ممبر ہو۔

’’دانش صاحب ! ‘‘اس نے حمید سے پوچھا۔

’’دانش صاحب !‘‘ حمید ذہن پر زور دیتا ہوا بولا ۔’’ میرا خیال ہے کہ یہاں کوئی دانش صاحب نہیں رہتے!‘‘

’’ کیا؟‘‘ نو وارد گھبرا کر ایک قدم پیچھے ہٹتا ہوا بولا ۔ ’’ کیا کہا آپ نے کوئی دانش نہیں …!‘‘

’’جی نہیں ! یہاں اس نام کا کوئی نہیں !‘‘

’’دانش … ناصر صاحب کے لڑکے۔ سر مخدوم کے بھتیجے !‘‘

’’ جی نہیں آپ کو غلط فہمی ہوئی ہے۔ ناصر صاحب کے لڑکے کا نام دانش نہیں فرحان ہے!‘‘

’’ ارے ! ہی ہی! وہ تو چھوٹا لڑکا ہے۔ آپ ناصر صاحب سے کہلوادیں کہ سیٹھ ٹڈ امل آیا ہے!‘‘

’’ تشریف رکھئے ! میں اطلاع کئے دیتا ہوں!‘‘ حمید نے کہا اور راہداری میں ہولیا۔

اس کا ذہن ” دانش دانش ‘‘کی گردان کر رہا تھا… آخر یہ کون تھا اور کہاں تھا۔ ابھی تک انہیں کیوں نہ معلوم ہو سکا تھا کہ ناصر کا ایک لڑکا اور بھی ہے۔

Leave a Comment