موسم گرما آتے ہی جہاں جسم میں پانی اور نمکیات کی کمی کے مسائل عام ہو جاتے ہیں، وہیں مرغن غذاؤں کا استعمال بھی نظام ہاضمہ پر بھاری پڑ سکتا ہے۔ گرمی کے اثرات سے بچنے کے لیے مناسب غذائی انتخاب ضروری ہے۔ اس موسم میں خاص طور پر ہلکی پھلکی اور تازہ غذائیں ترجیح بننی چاہئیں۔
ہلکی غذائیں جو گرمی کو دور کریں
1. کھیرا:
کھیرے کا استعمال گرمیوں میں جسم کو ٹھنڈا رکھنے میں معاون ہوتا ہے۔ اسے سلاد میں شامل کریں یا جوس بنا کر استعمال کریں تاکہ آپ جسمانی گرمی سے راحت پا سکیں۔
2. تربوز:
تربوز جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے میں مددگار ہے اور اس میں موجود وٹامنز اور معدنیات صحت کو فروغ دیتے ہیں۔ اس کا باقاعدہ استعمال گرمی کی شدت کو کم کر سکتا ہے۔
3. خربوزہ:
خربوزہ بھی گرمی میں جسم کو ہائیڈریٹ کرنے والا بہترین پھل ہے۔ اس کا باقاعدہ استعمال جسمانی ٹھنڈک میں اضافہ کرتا ہے۔
4. دہی:
دہی کا استعمال کر کے بھی گرم موسم میں پانی کی کمی اور دیگر مسائل سے بچا جا سکتا ہے، اس کے علاوہ اس میں موجود کیلشیئم کی بھرپور مقدار ہڈیوں کے لیے بھی بہت مفید ہوتی ہے۔
دہی کو لسی یا پھر آم، اسٹرابیری اور دیگر پھلوں کے ساتھ کھا کر یا جوس بنا کر بھی اس کے فوائد دگنے کیے جا سکتے ہیں۔
5. ناریل پانی:
ناریل پانی جسم کو نہ صرف ہائیڈریٹ رکھتا ہے بلکہ یہ معدنیات سے بھرپور ہوتا ہے جو آپ کی صحت بہتر بناتے ہیں۔
6. لیموں پانی:
ناریل پانی کی ہی طرح، تازہ لیموں پانی بھی تازگی اور وٹامن سی سے بھرپور اور صحت کے لیے مفید ہے۔ آپ اس کو میٹھا، نمکین، ایک چٹکی کالے نمک یا زیرے کے پاؤڈر کے ساتھ پی سکتے ہیں۔ اگر چاہئے تو آپ اس میں پودینے کا جوس بھی شامل کرسکتے ہیں۔
یہ غذائیں نہ صرف گرمی میں آپ کی صحت کی حفاظت کرتی ہیں بلکہ ان کا باقاعدہ استعمال آپ کو موسم گرما میں مختلف بیماریوں سے بھی محفوظ رکھ سکتا ہے