نیویارک (ویب ڈیسک): دنیا بھر میں اربوں افراد واٹس ایپ کا استعمال کرتے ہیں، اور اب میٹا کی ملکیتی میسجنگ ایپ میں ایک نیا فیچر شامل کیا جا رہا ہے جو کئی صارفین کے لئے مفید ثابت ہوگا۔
جیو نیوز کے مطابق، واٹس ایپ کے کئی صارفین فون نمبر کے اشتراک میں ہچکچاہٹ محسوس کرتے ہیں کیونکہ یہ نمبر اکثر اشتہارات یا دیگر مقاصد کے لیے بغیر اجازت استعمال ہو سکتا ہے۔ صارفین کی اس پریشانی کو حل کرنے کے لیے واٹس ایپ ایک ایسا فیچر متعارف کروا رہا ہے جو فون نمبر کے بغیر بھی لوگوں سے رابطہ کرنے میں مدد دے گا۔
واٹس ایپ بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق، اینڈرائیڈ ڈیوائسز اور ویب صارفین کے لیے واٹس ایپ میں یوزر نیم فیچر شامل کیا جا رہا ہے۔ اس فیچر کی بدولت ہر صارف اپنا منفرد یوزر نیم تیار کر سکتا ہے، اور اسے دوستوں، گھر والوں اور دیگر کانٹیکٹس کے ساتھ رابطے کے لیے استعمال کر سکے گا۔۔
جب کوئی صارف اپنا یوزر نیم تیار کرلے گا تو اس کا فون نمبر دیگر افراد کی نظروں سے اوجھل ہو جائے گا جس سے صارفین کی سکیورٹی زیادہ مضبوط ہوجائے گی۔یہ فیچر کچھ عرصے پہلے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا (beta) ورژن میں متعارف کرایا گیا تھا۔اب اسے واٹس ایپ کے ویب ورژن کے بیٹا ورژن کا حصہ بنایا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ صارفین اپنا یوزر نیم کو تبدیل بھی کر سکیں گے جس سے انہیں پروفائل پر زیادہ کنٹرول مل سکے گا۔اس کے ساتھ ساتھ واٹس ایپ کے ویب ورژں کے یوزر انٹرفیس کو بھی اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے۔اس اپ ڈیٹ کے بعد کمیونٹیز، اسٹیٹس، چینلز اور نیو چیٹ بٹن بائیں جانب سائیڈ بار میں منتقل کر دیے جائیں گے۔
WhatsApp کمپنی کی جانب سے ویب ورژن کے ڈارک موڈ کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ مسلسل سکرین کو دیکھنے سے آنکھوں کو زیادہ دباؤ کا سامنا نہ ہو۔