درندوں کی موت-ناول-ابن صفی

’’ بہت خوب ۔ فریدی اسے تعریفی نظروں سے دیکھتا ہوا بولا۔ ’’واقعی آپ لوگوں نے بہت ہی نفیساتی قسم کےطریقے ایجاد کر رکھے ہیں۔‘‘

’’اور آپ نے ابھی ہمارا طریقہ علاج تو دیکھا ہی نہیں ۔‘‘ ڈاکٹر نے مسکرا کر کہا۔

’’اگر آپ اس پر بھی کچھ روشنی ڈال سکیں تو ممنون ہوں گا ۔‘‘ فریدی بولا ۔

’’ضرور ضرور اس طرف تشریف لائیے۔ ڈاکٹر نے ایک دروازے میں داخل ہو کر کہا۔

اس کمرے میں چاروں طرف چھوٹے بڑے کٹہرے بنے ہوئے تھے جن میں انواع و اقسام کے جنگلی جانور بند تھے۔ ان لوگوں کے داخل ہوتے ہی ایک چھوٹا سا سرخ رنگ کا بندر تیز اورپتلی آواز میں چیخا بالکل ایسا معلوم ہوا جیسے کسی ریلوے انجن نے سیٹی دی ہو ۔ شہناز و غیر ہ سہم گئیں۔

’’ ڈریے نہیں ۔‘‘ ڈاکٹر عورتوں کی طرف دیکھ کر بولا۔ ’’ اول تو ان میں کوئی درندہ نہیں۔ دوسرے یہ کہ ان سب کےکٹہرے مقفل ہیں۔‘ُ‘

’’ہاں تو آپ اس کٹہرے میں ایک کتا بھی دیکھ رہے ہیں۔ ‘‘ڈاکٹر نے کہا۔

’’وہ آئیر ڈیل ٹیریئر ۔نا‘‘۔ فریدی نے کہا۔

’’غالبًا آپ کو کتوں سے خاصی دلچسپی ہے۔ ڈاکٹر نے کہا۔

’’کچھ یونہی  سی۔‘‘ہی فریدی بولا۔

’’خیر تو اگر میں اس آئیر ڈیل ٹریئرکو اس لومڑی کے کٹہرے کے قریب چھوڑ دوں تو کیا ہوگا۔‘‘ ڈاکٹر نے کہا۔

’’لو مڑی سہم جائے گی۔‘‘  اشرف بولا۔

’’ ٹھیک ۔‘‘ ڈاکٹر نے مسکرا کر کہا۔ ’’لیکن ٹھہر ئیےمیں آپ کو ایک دلچسپ تماشاد کھا تا ہوں ۔‘‘ وہ کمرے سے چلا گیا۔

فریدی وغیرہ کٹہروں کے جانور د یکھنے لگے۔

تھوڑی دیر بعد ڈاکٹر واپس آگیا اس کے ہاتھ میں انجکشن لگانے والی سرینج تھی پہلے اس نے کتے کو کٹہرے سے نکال کر لومڑی کی طرف اشارہ کیا۔

وہ کٹہرے پر جھپٹ پڑا۔ لومڑی خوفز دو آوازیں نکالتی ہوئی ایک طرف سمٹ گئی ۔ ڈاکٹر نے کتے کو پکڑ کر دوبارہ کٹہرے میں بند کر دی اور پھر لومڑی کی ایک ٹانگ پکڑ کر سلاخوں کے باہر کھنچتے ہوئے اس میں انجکشن دے دیا۔

لومڑی نے چیخ مار کر ٹانگ اندر کھینچ لی۔ لومڑی تھوڑی دیر تک بیٹھی کانپتی رہی۔

ایسا معلوم ہوتا تھا جیسے اسے سردی لگ رہی ہو پھر اچانک اس نے آہستہ آہستہ غرانا شروع کر دیا۔ بالکل اسی طرح جیسے کوئی کتا اپنے کسی حریف کو دیکھ کر غز آتا ہے۔ ڈاکٹر نے کتے کو دوبارہ کٹہرے سے نکالا ۔

لومڑی کی غراہٹ اور تیز ہوگئی کتا اس بار اس کے کٹہرے پر جھپٹنے کے بجائے دور کھٹرا لومڑی کی طرف گھور رہا تھا۔

ایسا معلوم ہورہا تھا جیسے وہ کسی شبےمیں پڑ گیا ہو۔ وقتًا ڈاکٹر نے لومڑی کا کٹہرہ کھول دیا اور وہ کتے پر جھپٹ پڑی کتا شاید اس غیر متوقع حملے کے لئے تیار نہیں تھا۔

Leave a Comment