بلڈ پریشر اور اس کو کنٹرول کرنے کے گھریلو نسخے

 

اہم نکات:

  • خون کو شریانوں میں دھکیلنے والا دل بلڈ پریشر پیدا کرتا ہے۔
  • ہائپر ٹینشن برسوں تک بغیر علامات کے بھی رہ سکتا ہے۔
  • ذہنی و جذباتی دباؤ اور غلط طرز زندگی ہائپر ٹینشن کے اہم اسباب ہیں۔
  • لیموں، تربوز، اور لہسن جیسے قدرتی اجزاء ہائپر ٹینشن میں مفید ہیں۔
  • مناسب نیند، ورزش، اور یوگا ہائپر ٹینشن کے کنٹرول میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

بلڈ پریشر

ہماری شریانوں کے ذریعے جسم میں گردش کرنے والا خون، ہر خلیے کو غذائیت اور آکسیجن پہنچاتا ہے۔ خون کو شریانوں میں دھکیلنے کے لئے دل جو زور لگاتا ہے، وہ ایک دباؤ پیدا کرتا ہے، اسی کو بلڈ پریشر کہا جاتا ہے۔ رگوں میں گردش کرنے کے لئے خون کو ایک خاص حد تک دباؤ کی ضرورت ہوتی ہے۔ جب یہ دباؤ ایک خاص حد سے زیادہ بڑھ جائے تو اسے ہائی بلڈ پریشر یا ہائپر ٹینشن کہا جاتا ہے۔

ہلکے اور درمیانے درجے کی ہائپر ٹینشن برس ہا برس تک علامات کے ذریعے ظاہر نہیں ہوتی۔ بلڈ پریشر کی ابتدائی علامت صبح بیدار ہونے پر سر کی پچھلی جانب اور گردن میں درد ہونا ہے جو جلدی غائب بھی ہو جاتا ہے۔ دیگر علامات میں سر چکرانا، بازو، کندھے، ٹانگ اور کمر میں درد، دل کی دھڑکن تیز ہونا، سینے میں درد، پیشاب زیادہ آنا، اعصابی دباؤ، تھکاوٹ، طبیعت سست ہونا، جذباتی انتشار اور بے خوابی شامل ہیں۔

ہائپر ٹینشن کے اہم ترین اسباب ذہنی و جذباتی دباؤ اور غلط طرز زندگی ہیں۔ ذہنی کھنچاؤ میں مبتلا افراد کو عام طور پر ہائی بلڈ پریشر ہو جاتا ہے۔ بے قاعدہ طرز زندگی، سگریٹ نوشی، زیادہ نشہ آور اشیاء کا استعمال، چائے، کافی، کولا مشروبات، میدے کی بنی ہوئی اشیاء اور دیگر مصنوعی غذائیں جسم کے قدرتی افعال کو نقصان دیتی ہیں۔ اس وجہ سے ہائی بلڈ پریشر کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

-بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے کے گھریلو نسخے

ذیل میں ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنے کے چند مفید نسخے دیے جا رہے ہیں:

  • کھانا کھانے کے بعد کچا لہسن استعمال کرنے سے ہائی بلڈ پریشر میں فائدہ ہوتا ہے۔
  • لوکی کا رس آدھا کپ لے کر اس میں تھوڑا سا پانی ملا کر تین مرتبہ روزانہ پینے سے فائدہ ہوتا ہے۔
  • چھاؤں میں خشک کیے گئے تربوز کے بیج دو چمچ پیس کر ایک کپ گرم پانی میں ایک گھنٹہ بھیگنے دیں، اس کے بعد ہلا کر چھان کر پی لئے جائیں۔
  • تربوز کا رس پینے سے بھی فائدہ ہوتا ہے۔
  • رگوں کی سختی کے امراض میں لیموں مفید ہے۔ دل کی کمزوری دور کرنے کے لئے لیموں میں خاص خوبی ہے۔ اس کے باقاعدہ استعمال سے خون کی نالیوں میں لچکیلا پن اور نرمی آ جاتی ہے اور ان کی سختی دور ہو جاتی ہے۔ لیموں کے استعمال سے بڑھاپے تک دل طاقتور رہتا ہے اور ہارٹ فیل ہونے کا خطرہ بھی کم ہو جاتا ہے۔ پانی میں لیموں نچوڑ کر دن میں کئی مرتبہ پینے سے فائدہ ہوتا ہے۔
  • صبح لیموں کا رس گرم پانی میں ملا کر پینا بھی مفید بتایا جاتا ہے۔
  • ہائی بلڈ پریشر میں سیب کھانے سے فائدہ ہوتا ہے۔
  • تربوز کے بیج کے رس میں ایک عنصر “بوسائٹرین” ہوتا ہے، یہ خون کی نالیوں کو چوڑا کرتا ہے۔ اس کا مفید اثر گردوں پر بھی پڑتا ہے، جس سے ہائی بلڈ پریشر کم ہوتا ہے۔
  • ہائی بلڈ پریشر والے مریضوں کو پاؤں کے تلوؤں اور ہتھیلیوں پر مہندی کا لیپ لگاتے رہنے سے فائدہ ہوتا ہے۔

شہد جسم پر مسکن اثر ڈال کر ہائی بلڈ پریشر کم کرنے میں مددگار بتایا جاتا ہے۔ ورزش ہائی بلڈ پریشر میں مفید ہے۔ پیدل چلنا ورزش کی بہت اچھی شکل ہے۔ اس سے ٹینشن دور ہو جاتی ہے، عضلات مضبوط ہوتے ہیں اور گردش خون بہتر بنانے میں بھی مدد ملتی ہے۔ جب پیدل چلنے سے افاقہ محسوس ہونے لگے تو سائیکل چلانا، تیراکی کرنا اور جاگنگ کرنا بھی شروع کرنا چاہیے۔ یوگا کے آسن، سریا نمسکار، مکر آسن، مٹسی آسن، وجر آسن، اردھ پدم آسن اور شیو آسن، بلڈ پریشر کے لئے مفید بتائے جاتے ہیں۔ اگر بلڈ پریشر ہائی ہو تو یوگا کے لئے معالج کے مشورے پر عمل کیجیے۔ ہائپر ٹینشن کے مریضوں کو اس امر کا لازمی اہتمام کرنا چاہیے کہ وہ کم از کم آٹھ گھنٹے نیند لیں۔

Related Content

اگر رات میں اچھی نیند نہیں آتی تو یہ طریقے اپنالیں

فلو وائرل بیماری

10 آسان صحت کے راز جو آپ کو لازمی جاننا چاہئے

Leave a Comment